Quran Hadith Roza Lailatul Qadr: Fajar tak Rehmat aur Salamati

intelligent086

intelligent086

Star Pakistani
20
 
Messages
17,578
Reaction score
26,649
Points
2,231
فجر تک رحمت اور سلامتی ۔۔۔۔ تحریر : مولانا امیر محمد اکرم اعوان


fajar.jpg

ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’بے شک اس کو یعنی قرآن کریم کو لیلۃ القدر میں نازل فرمایا اور اے مخاطب تجھے کیا معلو م کہ لیلتہ القدر کیا ہے؟ لیلتہ القدر ہزار مہینے سے بہتر ہے۔ اس میں فرشتے اور روح نازل ہوتے ہیں اپنے پروردگار کی طرف سے ہر شعبۂ زندگی میں ہر حال میں ہر کام میں فجر تک رحمت اور سلامتی ہے۔‘‘

اللہ کریم نے جہاں رمضان المبارک کو بے پناہ فضیلتیں اور بخشش کے سامان عطا فرمائے ہیں اور روزہ داروں کی بخشش اور انعامات کے وعدے کیے ہیں ،وہاں سب سے بڑی بات جو قرآن کریم میں بیان فرمائی گئی ہے وہ رمضان المبارک کی خصوصیت ہے ۔رمضان المبارک وہ با برکت مہینہ ہے جس میں قرآن کریم کا نزول ہوا قرآن کریم اللہ کریم کا ذاتی کلام ہے اور کلام متکلم کی شان ،حیثیت ،عظمت اور جلالت کا امین ہو تا ہے۔ قرآن کریم اللہ کا ذاتی کلام ہے اور آخری کتاب ہے جو قیامت تک کے لوگوں کیلئے ہے اور اس میں قیامت تک کے حالات و مسائل کا حل اور جواب عطا فرمایا گیا ہے ۔ اور یہ اتنا عظیم کلام ہے کہ اس کیلئے اللہ کریم نے رمضان کا مہینہ ،جو سب مہینوں سے افضل ہے پسند فرمایااور ارشاد فرمایا ’’ ہم نے رمضان کو بھی قرآن سے عظمت و شرف عطا فرمایا‘‘۔پھر ارشاد فرمایا ’’اسے ہم نے لیلتہ القدر میں اتارا۔‘‘ مفسرین کرام لکھتے ہیں کہ لوح محفوظ سے آسمان اول پر ایک ہی رات میں لیلتہ القدر میں نازل ہو گیا لیکن حضور اکرمﷺ پر جو نزولِ قرآن ہوا وہ بھی لیلتہ القدر میں ہوااور 23 برسوں میں مکمل ہو ا۔قرآن کی عظمت وجلالت یہ ہے کہ جس مہینے میں نازل ہواوہ مہینہ تمام مہینوں سے افضل ،جس رات میں اترا وہ رات تمام راتوں سے افضل اورجس ہستی پر نازل ہو ا وہ تمام رسل کے سردار،امام اور افضل ہیں۔تو قرآن کریم اللہ رب العزت کا اتنا بڑا انعام ہے کہ جس کی عظمت کو ہمارا شعور سمو نہیں سکتا۔

لیلتہ لقدر کیا ہے ؟پھر اسکی ایک جھلک دکھلادی کہ اس کی وسعتیں تو بے پناہ ہیں ۔اس میں جو رحمتیں اور برکات ہیں وہ بے شمار ہیں اس کا ایک پہلو بتا دیاکہ یہ ایک رات ہزار مہینے سے بہتر ہے یعنی کوئی شخص ایک ہزار مہینہ باوضو رہے ،ذکر کرتا رہے ، مراقبات کرتا رہے، تلاوت کرتارہے ،نوافل پڑھتا رہے ،سجدے کرتا رہے ،تسبیحات کرتارہے ، درمیان میں کوئی وقفہ نہ ہو ،نہ کھائے نہ پئیے ،نہ کہیں آئے نہ جائے اوراس ہزار مہینے یعنی 83برس اور 4 مہینے سے اس کی ایک رات کی بیداری بہت بہتر ہے ۔کتنی بہتر ہے ؟ وہ حد مقرر نہیں فرمائی ۔یہاں ان فرشتوں کی بات ہو رہی ہے جو سال میں صرف لیلتہ القدر میں ہی اترتے ہیں۔سال میں صرف ایک رات رحمت و بخشش الٰہی لے کر زمین پہ اترتے ہیں اور پھیل جاتے ہیں ۔ والروح سے مراد علماء کی ایک جماعت نے روح الامین لکھا ہے اور بہت سے دوسرے حضرات ، مفسرین کرام نے لکھا ہے کہ روح سے مراد نجات یافتہ ارواح کو بھی اس رات رخصت ملتی ہے کہ زمین پر جائیں ،اپنوں کو تلاش کریں،انکے لیے دعا کریں ،انکے لیے برکات لے کر جائیں ،روح انسانی کا عجیب معاملہ ہے ۔روح نے برزخ یا آخرت میں وہ کچھ استعمال کرنا ہے جو کچھ اس نے یہاں کمایا ۔اس کے سارے کا سارا مدار اس چند روزہ زندگی پر ہے اس میں وہ کیا حاصل کرتا ہے وہی جاکر اسے برزخ میں میدان حشر میں آخرت میں،جنت میں اسی کے حساب سے ساری نعمتیں نصیب ہوں گی ۔

انعامات ِ الٰہی کی تو کوئی حد نہیں:یعنی اللہ کی ایک مقدس کتا ب ہے جس کا ایک ایک لفظ اس کا ایک ایک حرف زندگی بھر کے گناہ بخشوانے ،نجات کیلئے اور ترقی درجات کیلئے کافی ہے ۔اس میں کتنی برکات ہیں جس کے نزول سے شہر رمضان کو تقدس بھی ملا ، عظمت بھی ملی اور یہ ایک مہینہ اس کی ہرساعت کروڑوں لوگوں کو بخشوانے کیلئے کافی ہوتی ہے ۔ پھر اس میں ایک خاص رات لیلتہ القدرہے جو ہر طاق رات میں تلاش کی جانی چاہیے ۔اس ایک رات میں اتنی فضیلت رکھی اس کے کلام کی فضیلت کیا ہو گی ۔اسے پڑھنا ،اسے سمجھنا،اسکی لذت و حلاوت کو محسو س کرنا اور اس کو اپنے آپ پر نافذ کرنا،یہی تو قرآن ہے ۔

قربِ الٰہی کیلئے سب سے اعلیٰ ذریعہ :فرمایا گیا اگر تم اللہ کریم سے باتیں کرنا چاہتے ہو تو نماز پڑھو ، نوافل ادا کرو تم اللہ سے مخاطب ہونے کا شرف پائو گے لیکن اگر تم چاہتے ہو کہ اللہ کریم تم سے بات کرے تو پھر قرآن پڑھو !اللہ تم سے باتیں کرنے لگے گا ہر آیت تمہیں مخاطب کر کے جھنجھوڑ جھنجھوڑ کر حقائق سے آشنا کر رہی ہے ۔

پروردگار عا لم تم سے بات کرے تو پھر قرآن پڑھو تو کیا عظمت ہو گی اس کتاب کی جس مہینے میں اتری اس مہینے کو شرف بخشا ،جس رات میں اتری اس رات کو ہزار مہینوں پر افضل کر دیا ۔جس ہستی پر اتری وہ بھی کائنات کی افضل ترین ہستی ہے جوخود مخلوق ہے لیکن اس کا ثانی مخلوق میں نہیں ہے ۔ افضل البشر،افضل الرسلﷺتو فرمایا! ’’اس میں بے پناہ فرشتے جو رحمت کے امیں ہوتے ہیںزمین پر تشریف لاتے ہیں۔‘‘لیکن سوال یہ ہے کہ ہم میں ان انعامات کو وصول کرنے کی استعداد بھی تو ہو۔جس کے وہی 2 ضابطے جونبی اکرم ﷺ نے بتائے ہیں ،ایمان ہو ،احتساب ہو،احتساب یہ ہے کہ کسی دنیاوی لالچ کیلئے کر رہا ہے ،ذاتی شہرت کیلئے کررہا ہے ۔

دولت دنیا جمع کرنا چاہتا ہے یا رضائے الٰہی کر رہا ہے ۔احتساب یہ ہے کہ اپنی خواہش ،اپنی آرزو کو دوسرے سے ہر کوئی بہتر جانچ سکتا ہے ۔تو احتساب کرے کہ خواہش محض قربِ الٰہی ،رضائے الٰہی کو پانے کی ہو تو پھر نعمتیں وصول کرنے کی توفیق نصیب ہو گی ۔ہماری یہ بدنصیبی ہے کہ حقائق لوگوں نے چھوڑ دئیے ہیں اور حکایات کو اپنا لیا ہے علامہ مرحوم نے کیا خوب کہا ہے کہ

یہ امت روایا ت میں کھو گئی ہے
حقیقت خرافات میں کھو گئی ہے

لوگوں نے قصے کہانیا ں بنا لی ہیں اور قرآن کے ارشاد اور ارشادات آقائے نامدار ﷺ کو چھوڑ دیا ہے۔بھئی قرآن اور حدیث کے ہوتے ہوئے حکایات کے سننے کی کیا ضرورت ہے ؟ اور اگر کسی کی کوئی حکایات قرآن سے استفادہ کرنے کی ، حدیث پاک،سنت سے استفادہ کرنے کی ہے تو وہ سننے سے ایمان تازہ ہوتا ہے لیکن کوئی کہانی قرآن و حدیث کے باہر ہے اس کے سننے سے تو وقت ہی ضائع ہو گا اور قوت عمل بھی ضائع ہو گی ۔دین کی بنیادحکایات اور قصوں پر نہیں ہے۔قرآن کریم نے بے شمار قصے بیان فرمائے ہیں انبیاء کے بھی اور سابقہ قوموں کے بھی ،کفار کے بھی اور بڑے بڑے جابر حکمرانوں کے بھی ۔آپ نے دیکھا قرآن کریم نے کہیں بھی مسلسل تاریخ بیان نہیں فرمائی۔جس قصے میں انکا کوئی ٹکڑابطور مثال لوگوں کو سمجھانے کے لیے جہاں درکار ہوا وہاں وہ ٹکڑا ارشاد فرما دیا ۔ کیونکہ قرآن کا موضوع عملی اور ایمانی زندگی کی اصلاح ہے تاریخ نہیں ۔اگر تاریخ ہو تی تو پھر ہر قصے کو مسلسل بیان فرماتا۔

فرمایا اس رات میں وہ خصوصی فرشتے جو طلب ِ الٰہی بانٹتے ہیں۔وہ خصوصی فرشتے جو ذوق و شوق سے محبت الٰہی بانٹتے ہیں انہیں بھی چھٹی ملتی ہے اس رات کو نازل ہوتے ہیں اور نیک اور نجات یافتہ ارواح بھی کہ وہ تو اس عالم سے آشنا ہو چکی ہوتی ہیںوہ ان حقائق کے ساتھ آتی ہیںاور ان حقائق کو اپنوں کے قلوب پر القا کرنا چاہتی ہیںکہ یہ اس دنیا میں رہ کر وہ دنیا کما لیں ۔

اس دنیا کو کمانے کی یہی دولت ہے جو یہاں اس وقت ہمارے پاس ہے جسے ہم نے محض وقت گزارنے پر لگا دیا۔ وقت اتنی بے قیمت چیز نہیں ہے کہ اسے دھکے دے دے کر گزار ا جائے ۔ایک ایک لمحہ قیمتی ہے جو لمحہ گزر گیا کوئی اسے نہیںلوٹا سکتا تو پھر اس میں اللہ کی یاد کیوں نہ ہو، ذکر الٰہی کیوں نہ ہو ، اطاعت الٰہی کیوں نہ ہو ،ہر لمحے میں طلبِ الٰہی کیوں نہ ہو ۔یہ کیفیات بنتی ہیں۔

سو فرمایا ایسا موقع جو زندگی میں ایک بار ہی آئے اسے کہتے ہیں سنہری موقع،یہ ہماری زندگی سنہری موقع ہے ہمیں ایک ہی بار ملی ہے ،دیکھنا یہ ہے کہ اس کے لمحات کو ہم کہاں خرچ کررہے ہیں کیونکہ اس پر ہماری دائمی ،ابد ی زندگی کا دارومدار ہے۔یہ اس کی عطا ہے کہ وہ کوئی ایک لمحہ قبول کر لے تو ساری زندگی کو باغ و بہار کر دے ۔


 

@intelligent086
🤔رمضان المبارک ختم
اور آپ کو اب یاد آ رہا ہے
بہت عمدہ
تنقید سے پہلے آپ یہ کام کر لیتیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس سے پہلے اور آج دو راتیں تھیں
پسند اور رائے کا شکریہ
جزاک اللہ خیراً کثیرا
 
Back
Top