Deeni masail aur un ka hal By Mufti Zubair

intelligent086

intelligent086

Star Pakistani
20
 
Messages
17,578
Reaction score
26,649
Points
2,231
مسائل اور ان کا حل ۔۔۔۔۔۔۔۔ تحریر : مفتی محمد زبیر

سوال : لڑکی کا والد شادی کی مد میں اگر رقم وصول کرے تو ؟
جواب : نکاح کی وجہ سے شرعاً شوہر پر صرف مہر واجب ہوتا ہے اوررخصتی کے بعد بیوی کا نان ونفقہ اور رہائش واجب ہوتی ہے اس کے علاوہ لڑکی کے والد کا شوہر سے کسی قسم کی رقم طلب کرنا ناجائز ہے لہٰذا جو رقم لڑکی کے والد نے آپ سے لی ہے وہ شرعاً رشوت ہے جسکا لین ودین ناجائز ہے لڑکی کے والد پر شرعاً لازم ہے کہ وہ یہ رقم آپکو واپس کرے۔
فجر اور عصر کے بعد قضا نماز پڑھنے کا مسئلہ
سوال :کیا فجر اور عصر کے بعد قضا پڑھ سکتے ہیں ؟
جواب :جی ہاں فجر اور عصر کے بعد قضا نماز پڑھ سکتے ہیں مگر کوئی نفل نہیں پڑھ سکتے ۔
اذان فجر کے بعد تحیۃ المسجد اور تحیۃ الوضو پڑھنے کا معاملہ
سوال : کیا فجر کی اذان کے بعد تحیۃ المسجد اور تحیۃ الوضو پڑھ سکتے ہیں یا نہیں ہمارے امام صاحب نے منع کیا ہے ۔
جواب :فجر کی اذان کے بعد سے فرض تک صرف فجر کی سنتیں پڑھ سکتے ہیں اسکے علاوہ کوئی اور نماز نہیں ۔
گھر کی نوکرانی کو زکوٰۃ دینا
سوال :کیا گھر کی ماسی یعنی نوکرانی کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں ؟
جواب :اگر مستحق زکوٰۃ ہوتو دے سکتے ہیں اور شرعاً مستحق زکوٰۃ وہ ہے جسکی ملکیت میں ساڑھے باون تولہ چاندی یا اسکے بقدر نقد رقم یا اتنا مال تجارت یا اسکے بقدر ضرورت سے زائد سازوسامان نہ ہو اسی طرح ان سب کا مجموعہ ملاکر بھی ساڑھے باون تولہ چاندی کے بقدر نہ ہو اور وہ سید بھی نہ ہو تو شرعاً اسے زکوٰۃ دے سکتے ہیں ۔
قبلہ رخ تھوکنا منع ہے
سوال :میں نے سنا ہے کہ قبلہ رخ تھوکنا گناہ ہے کیا ایسی کوئی بات اسلام میں ہے ؟
جواب :جی ہاں شرعاً قبلہ رخ تھوکنا منع ہے حضرت ابوہریرہؓ سے مروی ایک حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قبلہ رخ تھوکنے والے کیلئے وعید بیان فرمائی ہے۔ (دیکھئے سنن ابی دائود حدیث۳۸۲۶)لہٰذا اس سے احتراز کیا جائے ۔
سجدہ تلاوت فوراًادا کرنا
لازم نہیں
سوال :کیا دوران تلاوت سجدہ کی آیت آنے پر سجدہ فوراً کرنا لازم ہے یا بعد میں بھی کرسکتے ہیں ؟
جواب :سجدہ تلاوت شرعاً واجب ہے مگر فوراً ادا کرنا لازم نہیں بعد میں بھی کرسکتے ہیں ۔
گائے بھینس میں عقیقہ کی شرعی حیثیت
سوال :گائے بھینس میں عقیقہ ہوسکتا ہے یا نہیں ؟اور اگر ہوسکتا ہے تو لڑکے اور لڑکی کے کتنے حصے کئے جائیں؟
جواب : گائے بھینس میں شرعاً عقیقہ ہوسکتا ہے اور لڑکے کیلئے دو حصے اور اور لڑکی کا ایک حصہ رکھا جائے ۔
سودی آمدنی والے شخص کی دعوت کا مسئلہ
سوال :سودی آمدنی والے شخص کی دعوت کا اسلام میں کیا مسئلہ ہے اس شخص کی آمدنی سودی ہے وہ شروع سے ہی بیاج یعنی سود پر قرض لینے دینے کا کام کرتا ہے ہماری مسجد کے امام صاحب نے کہا ہے کہ انکی دعوت میں جانا جائز نہیں آپ کیا کہتے ہیں
جواب :اگر اس شخص کی اکثر آمدنی سود پر مشتمل ہے تو اسکی دعوت میں کھانا کھانا جائز نہیں اس سے احتراز کیا جائے ۔
منگرا مچھلی حلال ہے
سوال :کیا منگرا حلال ہے ؟ بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ بھی مچھلی ہی ہے آپ اسکے بارے میں شرعی حکم بتادیں ۔
جواب :منگرا مچھلی ہی کی ایک قسم ہے لہٰذا یہ حلال ہے۔ (دیکھئے فتاوی عثمانی ج۴ص ۸۴)
چچی سے پردہ لازم ہے
سوال :کیا چچا کی بیوی جس سے کوئی اور رشتہ نہ ہو اس سے پردہ ہوگا یا نہیں ؟
جواب :چچی سے پردہ لازم ہے ۔
زندگی میں بیوی کے حقوق ادانہ کرنے والا
بیوی کا وارث بنے گا یا نہیں ؟
سوال:ایک شخص جو اپنی زندگی میں بیوی کے حقوق پورے نہ کر سکا ہو حتیٰ کے بستر مرگ پر علاج کروانا دور کی بات اسے قہوے کی پیالی تک اسکی خواہش ہونے کے باوجود نہ پلاسکا ہو خود اس بات کا اعتراف کر رہا ہو کہ اسے اپنی بیوی کے مرنے سے پہلے اسے معافی مانگ لینی چاہیے تھی کیا اس شخص کو جائز ہے کہ بیوی کے اثاثے اور دوسری دولت لے کر ناصرف اپنے استعمال میں لائے بلکہ اپنے ان رشتے داروں کوبھی نوازے جو اسکی بیوی کو مرتے دم تک ذہنی صدمات سے دوچار کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے ۔ ؟
جواب :شوہر کا اپنی بیوی کے ساتھ مذکورہ رویہ شرعاً ناجائز اور حرام تھا اس طرح بیوی کی حق تلفی کرکے ایسا شخص سنگین گناہ کا مرتکب ہوا تاہم بیوی کے مرنے کے بعد اسے بیوی کے دیگر شرعی ورثاء کی طرح بیوی کی میراث میں سے حصہ ملے گامگر صرف اپنا شرعی حصہ وہ لے سکتا ہے اس سے زیادہ لینا اس کے لئے ہرگز جائز نہیں بلکہ مرحومہ کا تمام ترکہ اسکے تمام شرعی ورثاء میں شرعی اصول کے مطابق تقسیم کرنا لازم ہے۔
 

Back
Top