Hadith Ahadees e mubaraka on Haya

intelligent086

intelligent086

Star Pakistani
20
 
Messages
17,578
Reaction score
26,649
Points
2,231
احادیث مبارکہ
حیا
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے آنحضرت ﷺ نے فرمایا ایمان کی ساٹھ پر کئی شاخیں ہیں اورحیا (شرم) بھی ایمان کی ایک شاخ ہے۔
(بخاری ، جلد اول کتاب ایمان حدیث نمبر8 )
حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ ایک انصاری مرد پر گزرے وہ اپنے بھائی کو سمجھا رہا تھا اتنی شرم کیوں کرتا ہے آپؐ نے اس سے فرمایا جانے دے کیونکہ شرم تو ایمان میں داخل ہے۔
(بخاری ،جلد اول کتاب ایمان نمبر:23)
حضرت ابی سعید الخدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ایک مرد دوسرے مردکے ستر کونہ دیکھے اور نہ ہی عورت دوسری عورت کے ستر کو دیکھے اور کوئی مرد دوسرے مرد کے ساتھ اور عورت دوسری عورت کے ساتھ ایک کپڑے میں نہ لیٹے۔
(مسلم ، کتاب الحیض )
حضرت ابی سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ پردہ میں رہنے والی کنواری لڑکی سے بھی زیادہ حیا کرنے والے تھے جب آپؐ کو کوئی چیز ناپسند ہوتی تو ہم آپؐ کے چہرے سے جان لیتے۔
(مسلم ، کتاب الفضائل :751)
حضرت یعلی سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک شخص کو کھلی جگہ (میدان) میں ننگے نہاتے ہوئے دیکھا تو آپؐ منبر پر چڑھے (تشریف لائے) اللہ تعالیٰ کی حمدو ثنا بیان کی، پھر فرمایا: اللہ تعالیٰ نہایت باحیا اور ستر پوش (عیب پوش) ہے وہ حیا اور پردہ کو پسند کرتا ہے تو جب تم میں سے کوئی شخص نہائے تو پردہ کرے۔
(سنن داوُد ،جلد سوئم کتاب الحمام :4012)
حضرت جرھد رضی اللہ عنہ اصحاب صفہ میں سے تھے وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ ہمارے پاس تشریف فرما تھے اور میری ران ننگی تھی پس آپؐ نے فرمایا کیا تمہیں نہیں معلوم ران ستر (میں شامل) ہے۔
(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الحمام :4014)
حضرت علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اپنی ران سے کپڑا مت اٹھاؤ۔کسی زندہ کی ران دیکھو نہ مردہ کی۔
(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الحمام :4015)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ایمان کے ستر سے کچھ زیادہ شعبے ہیں سب سے افضل (شعبہ) لا الہ الا اللہ (اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں) کا اقرار کرنا سب سے کمزور (شعبہ) راستے سے ہڈی (کوئی تکلیف دہ چیز) کا ہٹانا اور حیا ایمان کا ایک حصہ ہے۔
(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب السنۃ :4676)
ضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا حیاء تمام تر خیر ہے۔
(سنن ابی داوُد جلد سوئم کتاب الادب :4796)
حضرت ابو مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا لوگوں نے سابقہ انبیاء علیہم السلام کے کلام میں سے جو حاصل کیا ہے وہ یہ ہے جب تم حیاء نہ کرو تو پھر جو چاہو کرو۔
(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الادب :4797)
حضرت ثابت بن قیس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ام خلاد نامی عورت نقاب کئے ہوئے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور وہ اپنے مقتول (شہید) بیٹے کے بارے میں د ریافت کررہی تھی پس نبیؐ کے بعض اصحاب نے کہا آپ اپنے (شہید ہونے والے) بیٹے کے بارے پوچھ رہی ہیں اور (اتنی مصیبت اور غم کے باوجود) آپ نقاب کئے ہوئے ہیں اس (عظیم خاتون) نے کہا اگر میرا لختِ جگر جدا ہوگیا تو میں اپنے حیاء کے دامن کو تو نہیں چھوڑ دوں گی۔ پس رسولؐ نے فرمایا: تیرے بیٹے کے لئے دو شہیدوں کا اجر ہے اس نے کہا اے اللہ کے رسول ﷺ یہ کیوں؟ آپؐ نے فرمایا کیونکہ اسے اہل کتاب نے قتل (شہید) کیا ہے۔
(سنن ابی داوُد، جلد دوم کتاب الجہاد :2488)
حضرت ابی ایوب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا چار چیزیں سب پیغمبروں کی سنت ہیں۔ شرم اور عطر لگانا اور مسواک کرنا اور نکاح کرنا۔
(جامع ترمذی، جلد اول باب النکاح 1079)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا حیاء ایمان کا ایک ٹکڑا ہے اور ایمان کا انجام جنت ہے اوربے حیائی ظلم ہے اور ظلم کا انجام دوزخ ہے۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البرو الصلہ)
حضرت ابی امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کلام میں حیاء اور تامل ایمان کی دو شاخیں ہیں اور بیہودہ گوئی اور بہت کلام نفاق کی دو شاخیں ہیں۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ)
حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺنے فرمایا: کوئی مرد جب بھی کسی غیر محرم عورت کے ساتھ تنہائی میں ہوتا ہے تو ان کے ساتھ تیسرا شیطان ہوتا ہے۔
(ترمذی)
حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے حضرت علیؓ سے فرمایا: اے علیؓ غیر محرم عورت پر ایک نظر پڑنے کے بعد دوسری نظر نہ دوڑاؤ اس لئے کہ پہلی نظر تمہارے لئے معاف ہے اور دوسری نظر معاف نہیں ہے۔
(ترمذی)
حضرت بہز بن حکیم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: اپنی شرمگاہ کو بیوی اور لونڈی کے علاوہ کسی کے سامنے ظاہر نہ کرو۔ میں نے پوچھا کہ اے اللہ کے رسول ﷺ اگر کوئی آدمی تنہا ہو؟ آپ ﷺ نے جواب دیا تو اللہ زیادہ لائق ہے کہ اس سے شرم وحیا کی جائے۔
(ترمذی)
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: جن عورتوں کے خاوند گھر میں موجود نہیں ہوتے ان کے ہاں نہ جایا کرو۔ شیطان تم میں سے ہر آدمی کے ساتھ اس طرح گھل مل جاتا ہے جیسے خون جسم میں جاری رہتا ہے۔ ہم نے پوچھا اے اللہ کے رسول ﷺ، آپ کے ساتھ بھی شیطان اسی طرح ہے؟ آپ ﷺ نے جواب دیا ہاں میرے ساتھ بھی ہے البتہ اللہ تعالیٰ نے اس کے خلاف میری مدد کی ہے اس لئے میں ا س سے محفوظ رہتا ہوں۔
(ترمذی)
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: بری بات جہاں کہیں بھی ہو قابل ملامت ہے اور شرم و حیا جہاں کہیں بھی ہو باعث فخر ہے۔
(ترمذی )
 

Back
Top