Aisa Hai Canada By Vardah Baloch

intelligent086

intelligent086

Star Pakistani
20
 
Messages
17,578
Reaction score
26,649
Points
2,231
ایسا ہے کینیڈا۔۔۔۔۔۔ وردہ بلوچ

caneda.jpg


رقبے کے اعتبار سے روس کے بعد کینیڈا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے، اس کا رقبہ9,984,670 مربع کلومیٹر ہے۔ آئیے کینیڈا کے بارے میں چند دلچسپ حقائق جانیں۔
موجودہ کینیڈا کے علاقوں کیوبک اور اونٹاریو میں رہنے والے قدیم مقامی باشندوں کو ''سینٹ لارنس ایروکوئین‘‘کہا جاتا تھا۔ ان کی زبان میں ''کناٹا‘‘ گاؤں یا آبادی کو کہتے تھے۔ 1535ء میں موجودہ کیوبک سٹی کے رہنے والے ان قدیم باشندوں نے فرانسیسی مہم جو یاک کارٹیرکی ایک گاؤں کی جانب رہنمائی کی۔ اس گاؤں کا نام سٹاڈاکونا تھا، اس دوران انہوں نے لفظ ''کناٹا‘‘استعمال کیا۔ یاک نے بعدازاں نہ صرف سٹاڈاکونا بلکہ پورے علاقے کے لیے اسے استعمال کرنا شروع کر دیا۔ 1545ء میں یورپی کتب اور نقشوں میں دریائے سینٹ لارنس کے آس پاس کے علاقے کو ''کینیڈا‘ ‘کہا جانے لگا۔ بالآخر یہ پورے ملک کا نام بن گیا۔
پاکستان اور کینیڈا میں یوں تو بہت فرق ہے لیکن غالباً ایک چیز مشترک ہے۔ پاکستان میں مقبول ترین کھیل کرکٹ ہے جبکہ قومی کھیل ہاکی ہے۔ کینیڈا میں سب سے مقبول کھیل آئس ہاکی ہے لیکن قومی کھیل لیکروس (ہاکی سے ملتا جلتا ایک کھیل) ہے۔ آئس ہاکی کا جدید کھیل کینیڈا میں نمو پذیر ہوا، اس کی بنیاد ایک ایسا کھیل بنا جو دسویں صدی سے کھیلا جا رہا تھا۔ اس کے قواعدوضوابط سب سے پہلے 1877ء میں ''مونٹریال گزٹ‘‘ میں شائع ہوئے۔
کینیڈا کے مشرقی ساحل پر وائیکنگز کہلانے والے شمالی یورپ کے باشندوں نے 1000ء کے لگ بھگ بستی بسائی۔ اس کے اثریاتی شواہد بھی ملے ہیں۔ دوسرے لفظوں میں کولمبس سے بہت عرصہ قبل یہ لوگ براعظم امریکا پہنچ چکے تھے۔ اس خطے میں یورپی والدین سے پیدا ہونے والا پہلا بچہ ''سنوری‘‘ تھا۔ یہ پیدائش 1000ء کے قریب وین لینڈ کے مقام پر ہوئی۔
۔1642ء میں تصوف سے وابستہ فرانسیسی افراد کو کینیڈا کے ایک ویران علاقے میں مشنری شہر آباد کرنے کا خیال آیا۔ بعدازاں اسے عملی شکل دی گئی جس کے نتیجے میں مونٹریال کی بنیاد پڑی۔
یورپیوں نے کینیڈا کے جس حصے کو سب سے پہلے دریافت کیا وہ نیوفاؤنڈلینڈ ہے۔ تاہم یہی وہ علاقہ ہے جسے سب سے آخر یعنی 1949ء میں صوبائی حیثیت دی گئی۔
جب یکم جولائی 1867ء کو برطانوی پارلیمنٹ میں برٹش نارتھ امریکا ایکٹ پاس ہوا تو کینیڈا نے ایک ملک کی حیثیت اختیار کر لی۔
کینیڈا کے جیمز نیسمتھ نے باسکٹ بال کا کھیل ایجاد کیا۔ وہ فزیکل ایجوکیشن کے طلبا کو طویل سرما میں انڈور کھیلوں میں مصروف رکھنا چاہتا تھا۔
دارالحکومت اوٹاوا کا نام پہلے کرنل جان بے کے نام پر بے ٹاؤن رکھا گیا۔ اس نے دریائے اوٹاوا اور جھیل اونٹاریو کو منسلک کرنے کے لیے ایک نہر کی تعمیر کے سلسلے میں یہاں قیام کیا تھا۔
دنیا میں سب سے طویل ساحل کینیڈا کا ہے جس کی لمبائی 243,042 کلومیٹر ہے۔
برطانوی ملکہ الزبتھ دوم کینیڈا کی سربراہ مملکت ہیں۔
اس ملک میں انسانی سرگرمی کا سب سے قدیم ثبوت 20 ہزار برس قدیم پتھر کے آلات اور جانوروں کی ہڈیاں ہیں۔ یہ کینیڈا کے علاقے یوکون میں دریائے بلیو فش کے قریب غاروں سے ملے۔
شمالی امریکا میں کم ترین درجہ حرارت منفی 63 ریکارڈ کیا گیا۔ اتنی سخت سردی 3فروری 1947ء کو کینیڈا کے علاقے یوکون کے مقام سنیگ میں پڑی۔
کینیڈا میں بہت سے عظیم الجثہ جانور پائے جاتے ہیں۔ ان میں مووز اور گریزلی ریچھ شامل ہیں اس کے علاوہ یہاں حشرات الارض کی 55 ہزار اقسام پائی جاتی ہیں۔
کینیڈا میں بہت سی اہم ایجادات ہوئیں ان میں کیروسین، الیکٹرون مائیکروسکوپ، انسولین، آئی میکس فلم سسٹم، برف پر چلنے والی گاڑی اور الیکٹرک کوکنگ شامل ہیں۔
کینیڈا کی سرکاری زبانیں انگریزی اور فرانسیسی ہیں۔ کینیڈا کی تاریخ میں انگریزی اور فرانسیسی بولنے والوں کے درمیان تنازعے ہوتے رہے اور یہ سلسلہ تاحال نہیں رکا۔
اکتوبر 1970ء میں فرانسیسی کینیڈا اور انگریزی کینیڈا کے درمیان کشیدگی انتہا کو پہنچ گئی جب ایک شدت پسند تنظیم نے شہروں میں دھماکے کیے، بینکوں کو لوٹا اور دیگر جرائم کیے جن میں برطانوی ٹریڈ کمشنر جیمز کراس کا اغوا بھی شامل ہے۔ فوج نے مداخلت کرتے ہوئے اس سرکشی پر قابو پایا اور ہزاروں مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
کینیڈا میں بہت زیادہ پنیر بنائی اور کھائی جاتی ہے۔ کینیڈا میں پنیر کی کم از کم 32 اقسام بنائی جاتی ہیں اور ملک میں 35 لاکھ ٹن پنیر سالانہ بنتی ہے۔​
 

Back
Top