Quran Khulasa e Quran Khulasa e Quran Para #23 By Ibtisam Elahi Zaheer

intelligent086

intelligent086

Star Pakistani
20
 
Messages
17,578
Reaction score
26,649
Points
2,231
خلاصہ تئیسواں پارہ ۔۔۔۔ علامہ ابتسام الہی ظہیر

#23.png

تئیسویں پارے کا آغاز سورہ یٰس سے ہوتا ہے۔ بائیسویں پارے میں انبیا علیہم السلام کی تائید کرنے والے مومن کا ذکر تھا۔ اس پارے میں اس مرد مومن کی تبلیغ کا ذکر ہے کہ اس نے بستی کے لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ میں اللہ کی پوجا کیوں نہ کروں کہ اسی نے مجھے پیدا کیا اوراسی کی طرف مجھ کو پلٹ کر جانا ہے۔اللہ کو چھوڑ کر اگر میں کوئی اور معبود پکڑ لوں تو مجھے اس معبود کا کیا فائدہ کہ اللہ تعالیٰ اگر مجھے کوئی نقصان پہنچانا چاہیں تو وہ میرا کچھ بھی بھلا نہیں کر سکتے ۔بستی والوں نے اس کی دعوت قبول کرنے کی بجائے اس کو شہید کردیا۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو جنت میں داخل کر دیا اور اللہ تعالیٰ کی رحمتیں بستی والوں سے روٹھ گئیں۔ اللہ تعالیٰ نے کافروں کے اعتراضات کا ذکر کیا ہے کہ کافر کہتے ہیں کہ کون ہڈیوں کو زندہ کرے گا‘ جبکہ ہماری ہڈیاں چور چور ہو چکی ہوں گی۔ فرمایا کہ وہی ان ہڈیوں کو زندہ کرے گا‘ جس نے پہلی مرتبہ ان کو پیدا کیا تھا اور اس کو ہر قسم کی تخلیق کی پوری خبر ہے ۔
اس کے بعد سورۃ الصّٰفٰت ہے‘ مجموعی طور پر اس سورہ کے مطالب کاپانچ حصوں میں خلاصہ ہوتاہے ‘پہلاحصّہ‘خداکے فرشتوں کے مختلف گروہوں کے بارے میں بحث کی گئی ہے اوران کے مقابلے میں سرکش شیطانوں کے گر و ہوں اوران کے انجام کوبیان کیاگیاہے۔دوسراحصہ کافروں کے بار ے میں‘ ان کے انکار اورقیامت میں ان کے انجام کو بیان کیاگیاہے۔ تیسراحصہ انبیاء حضرت نوح حضرت ابراہیم‘حضرت اسحٰق ‘ حضرت موسیٰ‘حضرت ہارون ‘حضرت الیاس ‘ حضرت لوط اور حضرت یونس کے بارے میں ہے‘ لیکن اس میں ابراہیم علیہ السلا م کے بار ے میں بحث اوران کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو زیادہ وضاحت کے ساتھ بیان کیاگیا ہے۔چوتھا حصہ شرک کی ایک بدترین قسم کاذکرہے یعنی جنوں اورخدا یا فرشتوں اور خدا کے درمیان قرابت کا اعتقاد اور مختصر جملوں میں اس عقید ے کی اس طرح دھجیاں بکھیر ی گئی ہیں کہ اس میں معمولی سی قدرت بھی باقی نہیں رہتی۔پانچواں حصہ اس سورہ کاآخری حصہ ہے اورلشکرحق کی کفر وشرک پر فتح کاذکر ہے۔اہل شرک ونفاق کے عذاب الٰہی میں گرفتارہونے کاتذکرہ ہے ۔اس سورہ میں اللہ تعالیٰ نے ستاروں کی تخلیق کے مقاصد واضح کیے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان ستاروں کے ذریعے آسمان کو زینت عطا کی اور ان میں سے بعض ستاروں کو اللہ تعالیٰ آسمان کی خبریں چوری کرنے والے شیاطین کو مارنے کیلئے استعمال کرتے ہیں‘ پھر جناب ابراہیم کی عظیم قربانی کا ذکر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو خواب میں دکھلایا کہ وہ اپنے بیٹے جناب اسماعیل کے گلے پر چھری چلا رہے ہیں۔ جناب ابراہیم نے جناب اسماعیل سے کہا کہ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں تمہارے گلے پر چھری چلا رہا ہوں‘ اب بتائو کہ تمہاری رائے کیا ہے۔ جناب اسماعیل نے جواب میں کہا: بابا آپ وہ کام کریں‘ جس کا آپ کو حکم دیا گیا ہے۔ جب ابراہیم ںنے اسماعیل کو پیشانی کے بل لٹایا تو اللہ تعالیٰ نے جناب ابراہیم کو پکاراکہ آپ نے اپنے خواب کو سچا کر دکھایا ہے اور اس طرح اللہ تعالیٰ نے جناب ابراہیم اور اسماعیل کی قربانی قبول فرما کر جہاں اخروی جزا کو ان کا مقدر بنا دیا‘ وہیں پر رہتی دنیا تک کے لیے بھی آپ کی قربانی کو ایک مثال بنا دیا۔ اسی سورہ میں جناب یونس علیہ السلام کا ذکر ہے کہ وہ رسولوں میں سے تھے اور اللہ تعالیٰ نے ان کوایک لاکھ افراد کی طرف مبعوث فرمایا تھا۔ جناب یونسں جب مچھلی کے پیٹ میں چلے گئے تو انہوں نے اللہ تعالیٰ کی کثرت سے تسبیح کی ‘جس کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے ان کو بہت بڑی مصیبت سے نجات دے دی ۔اللہ تعالیٰ نے مشرکین کی اس بات کی بھی تردید کی کہ وہ فرشتوں کو اللہ تعالیٰ کی بیٹیاں بتلاتے تھے‘ جبکہ اللہ تعالیٰ کی کوئی اولاد نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات پاک ہے ان عیبوں سے جو مشرک اس سے جوڑتے ہیں ‘ اللہ تعالیٰ کا سلام ہو رسولوں پر اوراللہ تعالیٰ کی تعریف ہے ‘جو پروردگار ہے جہانوں کا۔
اس کے بعد سورہ صٓ ہے‘ جس میں اللہ تعالیٰ نے مشرکوں کے جناب رسول کریمﷺ کی دعوت پر اعتراض کا ذکر کیا ہے کہ انہوں نے اللہ واحد کی عبادت کا درس دیا اور باقی تمام معبودوں کی نفی کی اور یہ بات مشرکین کو کسی طور گوارا نہیں تھی‘ پھر جناب دائود کی حکمت اور قوتِ بیان کا ذکر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کے فرزند جناب سلیمان علیہ السلام کی دعا کا بھی ذکر کیا کہ انہوں نے پروردگار عالم سے دعا مانگی کہ اے میرے پروردگار مجھ کو بخش دے اور مجھے ایسی حکومت دے جو میرے بعد کسی دوسرے کے نصیب میں نہ آئے‘ بیشک تو بخشنے والاہے۔اللہ تعالیٰ نے جناب سلیمان کی دعا قبول فرمائی اور آپ کوایسی سلطنت عطا فرمائی کہ جنات اور ہوائوں کو آپ کے تابع فرمادیا۔ اللہ تعالیٰ نے آپ پر بہت زیادہ انعامات کیے‘ لیکن آ پ اس تمام انعام واکرام کے باوجود اللہ کی بندگی میں مشغول رہے اور اپنی توانا ئیوں کو اللہ کی توحید کی نشر واشاعت کیلئے لگاتے رہے اور جب بھی کبھی آپ کے علم میں یہ بات آئی کہ کہیں اللہ کی ذات کے ساتھ شرک ہورہا ہے تو آپ اس مقام تک رسائی حاصل کرتے اور لوگوں کو توحید کی دعوت دیتے۔ سبا کی ملکہ سے آپ کے تنازعے کا اصل سبب یہی تھا کہ سبا کے لوگ اللہ کو چھوڑ کر سورج کی پرستش کر رہے تھے۔ اسی وجہ سے آپ نے ملکہ سبا کو اپنے دربار میں حاضر کر کے توحید کی دعوت دی‘ جس کو اس نے قبول کرلیا۔ اللہ تعالیٰ نے جناب ایوب کی بیماری اور شفا کابھی ذکر کیا۔ جناب ایوب طویل عرصہ تک بیمار رہے اور اس بیماری نے آپ کو بے بس کر دیا۔جناب ایوب نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا مانگی کہ اے پروردگار‘ شیطان مجھے تکلیف دے رہا ہے‘ آپ مجھ پر رحم فرمائیں‘ بے شک آپ سب سے زیادہ رحم کرنے والے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے جناب ایوب علیہ السلام کی تمام تکلیفوں کو دور فرمادیا ۔
اس کے بعد سورہ الزمر ہے‘ جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب پاکؐ سے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ پر حق کے ساتھ کتاب نازل کی ہے۔ پس‘ آپ مخلص ہو کر اللہ تعالیٰ کی عبادت کریں۔ فرمایا کہ بہت سے لوگ اللہ تعالیٰ کے علاوہ مددگار تلاش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم ان کی پوجا اس لیے کررہے ہیں کہ یہ ہمیں اللہ تعالیٰ کے قریب کر دیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ان اختلافات کا فیصلہ وہ خود فرمائیں گے اور بے شک وہ جھوٹ بولنے والے گمراہوں کو کچھ ہدایت نہیں دیتے۔اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ انہوں نے انسانوں کو تین اندھیروں میں سے پیدا فرمایا‘پھر اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ حقیقی گھاٹا ان لوگوں کیلئے ہے‘ جن کو اللہ تعالیٰ نے آخرت میں گھاٹا دیا اور یہ وہ لوگ ہیں جن کوآگ کا عذاب سہنا ہو گا اور ان کے مقابلے میں جنتیوں کو ایسے کمرے ملنے والے ہیں‘ جن کے نیچے سے نہریں بہتی ہوں گی۔ یہ اللہ
کا وعدہ ہے اور اللہ تعالیٰ اپنے وعدوں کے خلاف نہیں کرتے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ بھی فرمایا کہ جس کے سینے کو اللہ تعالیٰ نے اسلام کیلئے کھول دیا‘ وہ اپنے رب کی طرف سے روشنی پر ہے اور بدنصیب ہیں وہ لوگ جو کھلی گمراہی میں ہیں ۔اللہ فرماتے ہیں کہ اُس نے بہترین بات کو نازل کیا‘ جس کے مضامین میں ہم آہنگی اور تکرار بھی ہے۔ اس کو پڑھنے کے بعد جن کے دلوں میں اللہ کا خوف ہوتا ہے ‘ان کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں‘ پھر ان کے رونگٹے اور دل اللہ کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں اور جس کو اللہ گمراہ کرے کوئی اس کو ہدایت دینے والا نہیں ۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں قرآن پڑھنے ‘ سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔(آمین)​
 

Back
Top