Adabi Mazameen Micro Fiction ... Aik Jadeed Asloob By Faiza Farman

intelligent086

intelligent086

Star Pakistani
20
 
Messages
17,578
Reaction score
26,649
Points
2,231
مائیکروفکشن۔۔۔۔ایک جدید اسلوب ...... تحریر : فائزہ فرمان

Micro.jpg

فکشن یا افسانہ کے لغوی معنی قصہ کہانی کے علاوہ سرگزشت، طبع زاد، خیالی بات یا بیان کے ہیں یا کوئی ایسا واہمہ جو عام طور پر مقبول ہو۔ مثلاً Legal Fiction یا Polite Fiction وغیرہ، جسے عام طور پر لوگ لطیف سخن سازی بھی کہہ سکتے ہیں۔

افسانے میں بھی دراصل کہانی کا روپ ہی نظر آتا ہے۔ مگر اس کا انداز داستان یا حکایت سے یکسر مختلف ہوتا ہے۔ اس لیے کہ افسانہ، افسانہ ہوتا ہے اور کہانی یا داستان الگ زمرے میں نثری صنف شمار ہوتی ہے۔ افسانہ کی ہیئت میں وقت کے ساتھ ساتھ تبدیلی آتی چلی گئی مگر پھر بھی افسانہ ہمارے قلب و ذہن کے گوشوں کو حد سے زیادہ متاثر کرتا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ دیگر اصنافِ نثر مثلاً داستان یا ناول کی اہمیت ثانوی ہے۔ افسانہ کی ہیئت یا بنت پر غور کیا جائے تو اس کے لیے پُرکشش الفاظ مثلاً علامتی افسانہ یا تجریدی افسانہ بھی استعمال ہوتے ہیں۔ مگر کچھ عرصے سے مائیکرو فکشن کا استعمال جاری ہے اور یہ لفظ بھی ایک اچھا تاثر پیدا کرتا ہے۔ مائیکرو فکشن کا خود افسانہ کیا ہے؟
پہلے لفظ مائیکرو پر غور کیا جائے کہ اس سے کیا مراد ہے۔ یہ لفظ اب ہماری روزمرہ زندگی کی پہچان بن چکا ہے۔ مثلاً مائیکرو ویو، مائیکرو فون، مائیکرو میٹر، مائیکرو لائٹ، مائیکرو گراف، مائیکرو گرام، مائیکرو فلاپی، مائیکرو فلم، مائیکرو الیکٹرانکس، مائیکرو پروگرام، مائیکرو پروسیسر، مائیکرو فوٹو گراف، مائیکرو سافٹ (مائیکرو سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی)، مائیکرو سرجری یعنی خردبینی عملِ جراحی۔ مائیکرو کا مطلب چھوٹا، خرد اور کسی چیز کا 10 لاکھواں حصہ، اسی طرح مائیکرو تجزیہ کسی مرکب کا کم مقداری تجزیہ جس میں چند ملی گرام کا نمونہ جانچا جاتا ہے۔ مائیکرو بائیولوجی سے مراد وائرس اور پھپھوندی وغیرہ کا مطالعہ ہے۔ مائیکرو اکنامکس سے مراد ایسی معاشیات جس میں مطالعے کو کسی ایک معاشرے یا واحد فرقے تک محدود رکھا جاتا ہے۔ اس طرح مائیکرو فکشن سے مراد ایسا افسانہ جو بہت ہی مختصر ہو۔ یعنی اس کا حجم صرف الفاظ تک محدود ہو اور مخصوص الفاظ ہی میں رہ کر پورے خیال کی ترجمانی کی جائے۔ مائیکرو فکشن دراصل لفظوں سے جملے بنانے کا ایسا فن ہے جس میں الفاظ کا چناؤ ایک خاص تہذیب و ترتیب سے ہوتا ہے۔ مائیکرو فکشن جدید اسلوبیاتی صورت گری کا نام ہے جس میں ذہنی آسودگی اور جمالیاتی حسن کا خیال بھی رکھا جاتا ہے، تاکہ قاری بیانیہ سے نہ صرف متاثر ہو بلکہ وہ وحدتِ خیال کی رعنائیوں سے بھی لطف اندوز ہو۔ گویا مائیکروفکشن کا رول بھی اسی طرح کا ہوتا ہے جیسے فلیش بیک جو جدید افسانے کی ایک ایسی صورتِ حال کی عکاسی ہے جس میں کوئی ایسا نمایاں پہلو جو پہلے اوقات میں واقع ہو چکا ہو۔
1970ء کی دہائی میں ایک لفظ portmanteauافسانے میں کثرت سے استعمال ہوا، جس کے معنی ہیں ایسا لفظ جو دو یا زیادہ لفظوں سے ملا کر بنایا جائے۔ لیوس کیرل نے یہ اصطلاح Through the looking Glass میں استعمال کی۔ جیمس جوائیس نے یہ اصطلاح Finnegans میں استعمال کی، جس میں لفظوں کو جوڑ کر ایک خوب صورت ماحول کی عکاسی کی گئی۔ مثلاً بادلوں کا فضا سے غائب ہو جانا، پُرکشش دیہاتی علاقہ جس میں لوگوں کی آمدورفت، اشرافیہ کا بلاروک ٹوک چلے جانا وغیرہ۔ واقعاتی حقائق منظر کو نمایاں کرتے تھے۔ اس کا پرچار کرنے والوں میں ٹرومین، نارمن میلر، ایلیکس ہیلے شامل تھے۔ اگرچہ یہ ایک مبہم اصطلاح تھی جس کی افادیت گو متنازع رہی، 1760ء سے 1820ء تک ''گوتھک فکشن‘‘ میں پراسراریت اور کشمکش کے واقعات کو نمایاں کیا گیا۔ اسی طرح شیلر نے دو افسانوی مجموعے لکھے، جن کا مرکزی خیال جرائم اور قتل و غارت گری کے پہلوؤں کو نمایاں کرتا تھا۔ 1830ء میں افسانے کی ایک اور صورت Newgate fiction بھی مستعمل رہی۔ اس کا مقصد بھی جاسوسی واقعات کو مختصر پُرکشش الفاظ میں واضح کرنا تھا۔ تھیکرے (Thackeray) نے 1839-40ء میں ایک افسانوی مجموعہ لکھا جس میں جرائم اور قتل و غارت گری کے رجحان کو نمایاں کیا گیا۔ ایڈگرایلن پو نے بھی افسانوں میں اسی رجحان کو تقویت دی۔
آج کل مائیکروفکشن کی خوب صورت مثالیں سو لفظوں کی کہانی یا ون منٹ سٹوری سے دی جا سکتی ہے، جس میں مائیکرو فکشن کے تمام لوازمات کا عکس نظر آتا ہے۔ مائیکرو فکشن میں ایک تاثر خیال یا کردار کو مختصر الفاظ میں اس طرح فوراً سامنے لایا جاتا ہے کہ اس کی ہیئت بھی مجروح نہ ہو اور قاری بھی جلد ان الفاظ سے ایک مرکزی خیال تک پہنچ جائے اور مائیکرو فکشن لکھنے والا افسانہ نگار محدود تعداد سے اپنا نقطۂ نظر قاری کے سامنے پیش کرنے میں کامیاب ہو۔ مائیکروفکشن کا استعمال اس جدید سائنسی دور میں اس لیے بھی بڑھتا جا رہا ہے کہ قاری مخصوص الفاظ کی بنت سے ہی تفریح اور تاثر کا سہارا لے سکے۔ ایسا افسانہ اس تیز رفتار ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور قاری کو واقعیت، بیانیہ اور مکالموں سے خیال کی وحدت سے لطف اندوز کر سکتا ہے۔ بہتر الفاظ کے چناؤ اور مختصر واقعاتی اونچ نیچ سے مائیکرو فکشن کو ایک خوب صورت شکل دی جا سکتی ہے اور اس کا عنوان بھی دوسرے افسانوں کی طرح پہلے سے متعین کر لیا جائے تو قاری افسانہ لکھنے والے کی ادبی صلاحیتوں سے مستفید ہو سکتا ہے۔ بہرحال یہ ایک اچھی کاوش ہے اور اسے ادب میں رواج پانا چاہیے۔​
 

@Maria-Noor
پسند اور رائے کا شکریہ
جزاک اللہ خیراً کثیرا​
 
@intelligent086
وَأَنْتُمْ فَجَزَاكُمُ اللَّهُ خَيْرًا
 
Back
Top