Quran Khulasa e Tafseer Quran Para #24 Khulasa e Tafseer By Mufti Muneeb ul Rehman

intelligent086

intelligent086

Star Pakistani
20
 
Messages
17,578
Reaction score
26,649
Points
2,231
نماز تراویح میں تلاوت ہونے والے پارہ نمبر 24 کا تفسیری خلاصہ .... مفتی منیب الرحمان


#24.png

چوبیسویں پارے کے مضامین
سورۃ الزمر
اس کے شروع میں اللہ پر جھوٹ باندھنے اور حق کو جھٹلانے والے کو جہنمی قرار دیا گیااور سچے دین کو لے کر آنے والے‘ یعنی رسول اللہﷺ اور اس کی تصدیق کرنے والے (مفسرین نے اس سے ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو مراد لیا ہے)کو متقی قرار دیا گیا۔ آیت38 میں بتایاکہ اللہ کی قدرت پر کسی کا بس نہیں چلتا ۔ آیت41میں رسول اللہ ﷺ کو تسلی دیتے ہوئے فرمایا کہ ہم نے آپ پر حق پر مبنی کتاب نازل کی‘ سو جو ہدایت کو اختیار کرے اس کا فائدہ اسی کو پہنچے گا اور جو گمراہی کو اختیار کرے ‘ اس کا وبال اسی پر ہوگا ‘ آپ ان کے ذمے دار نہیں ہیں۔ اگلی آیت میں نیند کو عارضی موت سے تعبیر کیا اور بتایا کہ نیند اور موت میں اتنا ہی فرق ہے کہ موت کی صورت میں بندے کی روح عارضی طور پر نہیں‘بلکہ مدت دراز کیلئے قبض کرلی جاتی ہے ۔ آیت47میں بے پناہ دولت جمع کرنے والوں کو خبردار کیا کہ اگر وہ زمین کی ساری دولت کے مالک بن جائیں اور اس کے برابر اور بھی ان کو مل جائے اور وہ قیامت کے دن یہ سب کچھ دے کر عذاب سے اپنی گردن چھڑانا چاہیں تو بھی ان کی گلو خلاصی نہیں ہوسکے گی۔ آیت53میں گناہگارانِ امت کو بشارت دی گئی کہ ''(اے رسولؐ!) کہہ دیجئے اے میرے وہ بندو جو گناہ کرکے اپنی جانوں پر ظلم کرچکے ہیں ‘ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو ‘ بے شک اللہ تمام گناہوں کو بخش دے گا ‘ یقینا وہ بہت بخشنے والا ‘ بہت مہربان ہے‘‘۔ یعنی جو اللہ کی راہ سے بھٹک چکا ہے ‘ اسے امید دلائی گئی ہے کہ سچی توبہ کے ذریعے واپسی کا راستہ باقی ہے۔ آیت71میں بتایا کہ کافروں کو گروہ در گروہ جہنم کی طرف ہانکا جائے گا اور وہاں ان کا استقبال توہین آمیز انداز میں ہوگا ‘جبکہ اہلِ ایمان کو اکرام کے ساتھ جنت کی طرف لے جایا جائے گا اور وہاں ان کا استقبال اعزاز و اکرام کے ساتھ ہوگا۔
سورۃ المؤمن
آیت02میں اللہ کے بندوں کو ایک بار پھر نویدِ مغفرت دیتے ہوئے فرمایا : ''وہ گناہوں کا بخشنے والا اور توبہ قبول فرمانے والا‘ (سرکشوں کو ) سخت عذاب دینے والاہے اور (نیکو کاروں پر) بڑا احسان فرمانے والا ہے ‘‘۔ آیت07میں فرمایا :''وہ فرشتے جو عرش کو اٹھائے ہوئے ہیں اور جو اس کے گرد ہیں ‘ وہ سب اپنے رب کی حمد کے ساتھ اس کی تسبیح کرتے ہیں اور اس پر ایمان رکھتے ہیں اور مومنوں کیلئے مغفرت طلب کرتے ہیں ‘(اور کہتے ہیں) اے ہمارے رب! تیری رحمت اور تیرا علم ہر چیز کو محیط ہے ‘ سو جنہوں نے توبہ کی ہے اور تیرے راستے کی اتباع کی ہے ‘ ان کی مغفرت فرما اور ان کو دوزخ کے عذاب سے بچا ‘‘۔اس آیت میں بتایا گیا کہ اللہ کے مقرب فرشتے نا صرف اس کے تائب بندوں کیلئے ‘بلکہ ان کے صالح آبائواجداد ‘ ان کی بیویوں اور ان کی اولاد کیلئے بھی جنت کی دائمی نعمتوں کی دعائیں مانگتے رہتے ہیں ۔ آیت17میں بتایا کہ قیامت کے دن سب کے ساتھ پورا پورا انصاف ہوگا ‘ وہاں ظالموں کا کوئی حمایتی اور سفارشی نہیں ہوگا‘ اللہ خیانت کرنے والی آنکھوں اور سینوں میں چھپے رازوں کو بھی جانتاہے ۔ آیت23میں بتایا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو ہم نے اپنی نشانیاں اور روشن معجزے عطا کرکے فرعون ‘ ہامان اور قارون کی طرف بھیجا ‘ تو انہوں نے انہیں (معاذاللہ) جادوگر اور جھوٹا قرار دیا اور اس کے بعد انہی واقعات کا ذکر ہے‘ جو اس سے پہلے بارہا گزر چکے ہیں۔ آیت37میں بتایا کہ فرعون نے ہامان سے سے کہا : میرے لئے ایک بلند عمارت بناؤ‘تاکہ میں آسمانوں کے راستوں تک پہنچوں اور موسیٰؑ کے خدا کے بارے میں خبر لوں اور میرا گمان تو یہ ہے کہ (معاذاللہ) یہ جھوٹے ہیں اور اسی طرح فرعون کے برے عمل کو اس کے نزدیک خوشنما بنا دیا گیااور( اس کی سرکشی کے سبب)اسے سیدھے راستے سے روک دیا گیا۔ آیت 46میں فرمایا : جس نے برا کام کیا ‘ اس کو صرف اسی کے برابر سزا دی جائے گی اور جس مرد وعورت نے ایمان پر قائم رہتے ہوئے نیک کام کیا ‘ تو وہ لوگ جنت میں داخل ہوں گے ‘ جہاں انہیں بے حساب رزق عطا کیا جائے گا۔ موسیٰ علیہ السلام نے کہا: اور میں اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کرتاہوں ‘ بے شک اللہ بندوں کو خوب دیکھنے والا ہے ۔ سو‘ اللہ نے مخالفین کی سازشوں سے انہیں محفوظ رکھا اور فرعونیوں کو بدترین عذاب نے گھیر لیا ‘ انہیں صبح وشام دوزخ کی آگ پر پیش کیا جاتاہے اور جس دن قیامت آئے گی‘ (یہ حکم دیا جائے گاکہ)آلِ فرعون کو شدید ترین عذاب میں ڈال دو۔آیت49میں بتایا کہ جہنمی ‘ جہنم کے داروغوں سے کہیں گے کہ اپنے رب کو بلاؤکہ ہمارے ساتھ عذاب میں ایک دن کی تخفیف کردے ‘ جہنم کا محافظ عملہ ان سے کہے گا کہ کیا دنیا میں تمہارے پاس رسول نشانیاں لے کر نہیں آئے تھے‘ وہ اقرار کریں گے ۔آگے چل کر فرمایا کہ قیامت میں ظالموں کی عذر خواہی ان کے کوئی کام نہیں آئے گی‘ ان کیلئے لعنت ہے اور برا گھر ہے ۔ آیت64میں فرمایا: وہی (ہمیشہ) زندہ رہنے والا ہے ‘ اس کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں ‘ سو تم اخلاص کے ساتھ اسی کی بندگی کو اختیار کرو۔ آیت77میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا: '' بے شک ہم نے آپ سے پہلے بھی بہت رسول بھیجے‘ ہم نے ان میں سے بعض کے واقعات آپ کے سامنے بیان کئے ہیں اور بعض کے واقعات بیان نہیں کئے‘‘ لیکن سورۂ ہود آیت120میں فرمایا: ''ہم آپ کے سامنے تمام رسولوں کی خبریں بیان کررہے ہیں ‘‘ یعنی رسول اللہ ﷺ کو تمام انبیائے کرام کے احوال بتا دیے گئے تھے‘ قرآن میں جن انبیائے کرام کے نام بتا دئیے گئے ہیں ‘ ان پر نام بہ نام ایمان لانا فرض عین ہے اور دیگر انبیائے کرام علیہم السلام پر تعداد کے تعین کے بغیر اجمالی طور پر ایمان لانا فرض ہے۔
سورہ حٰم ٓ السجدۃ
آیت05میں کفار کی انتہائی سرکشی کی کیفیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: ''اور انہوں نے کہا : جس دین کی طرف آپ ہمیں بلا رہے ہیں ‘ ہمارے دلوں میں اس پر پردے پڑے ہوئے ہیں اور ہمارے کانوں میں لاٹ ہے اور ہمارے اور آپ کے درمیان حجاب ہے۔ سو‘ آپ اپنے کام سے کام رکھئے اور ہم اپنے ڈھب پر کاربند رہیں گے ‘‘ یعنی وہ کسی بھی طور پر قبولِ حق کیلئے تیار نہیں تھے ۔ آیت 9میں ایک بار پھر اس کائنات کی تخلیق کے حوالے سے اللہ تعالیٰ کی بے پایاں قدرت وجلالت اور ان کھلی نشانیوں کو دیکھنے کے باوجود منکر قوموں کی سرکشی کا ذکر ہے ۔ آیت15میں قومِ عاد کی سرکشی کا ذکر ہے کہ انہیں اپنی مادی طاقت پر بڑا ناز تھا اور کہتے تھے کہ ہم سے بڑھ کر بھی کوئی زبردست ہے؟ ان کو جواب دیا گیا کہ تم سے بڑا زبردست وہ اللہ ہے‘ جس نے تمہیں پیدا کیا‘ پھر قومِ عاد پر منحوس دنوں میں خوفناک آواز والی آندھی بھیجی اور ان کا نام ونشان مٹا دیا گیا ‘ قومِ ثمود کا انجام بھی بُرا ہوا۔ آیت 19میں بیان ہوا کہ قیامت کے دن اللہ کے دشمنوں کو جمع کرکے جہنم کی طرف لے جایا جائے گا ‘ تو جب وہ جہنم تک پہنچیں گے تو ان کے کان ‘ آنکھیں اور جلدیں ان کے خلاف سلطانی گواہ بن جائیں گی ‘ کفار اپنی جلدوں سے کہیں گے : تم نے ہمارے خلاف گواہی کیوں دی؟ (ان کے اعضا) جواب دیں گے: ہمیں اسی اللہ نے قوتِ گویائی عطا کی ‘ جس نے ہر چیز کو بولنا سکھایا اور اسی نے تم کوپہلی بار پیدا کی ا ور اسی کی جانب لوٹائے جاؤ گے۔آیت30میں بتایا کہ ایمان پر ثابت قدم رہنے والے اہلِ ایمان کی روح جب اس دنیا سے پرواز کرے گی تو اس کے استقبال کیلئے فرشتے نازل ہوں گے اور کہیں گے کہ تم نہ کسی آنے والی بات کا خوف کرو اور نہ کسی گزشتہ بات کا رنج وملال اور اس جنت کی بشارت سنو‘ جس کا تم سے وعدہ کیا گیا تھا‘ پھر انہیں بتایا جائے گا کہ اللہ غفور اور رحیم نے ان کیلئے جنت میں ضیافت کا اہتمام فرمایا ہے اور وہاں وہ جس نعمت کی بھی خواہش کریں گے‘ انہیں دستیاب ہوگی ۔​
 

@intelligent086
صبح پر نور میں خلاصہ و تفسیر سے ایمان تازہ ہو گیا
سبحان اللہ
جزاک اللہ
 
@intelligent086
صبح پر نور میں خلاصہ و تفسیر سے ایمان تازہ ہو گیا
سبحان اللہ
جزاک اللہ
پسند اور رائے کا شکریہ
جزاک اللہ خیراً کثیرا
 
Back
Top