Zinda rehna chahtay hain?

Falak

Falak

Super Star Pakistani
I Love Reading
15
 
Messages
11,348
Reaction score
19,975
Points
1,236

ڈاکٹر صاحب کی باتیں سن کر میرے ہوش اڑ گئے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی چاہتے ہو تو روٹی سے پرہیز کرو کیونکہ روٹی کھانے سے چربی بڑھتی ہے جس سے موٹاپا ہو جاتا ہے اور موٹاپا سو بیماریوں کی جڑ ہے۔ میں نے ڈرتے ڈرتے اُن سے پوچھا کہ پراٹھا کھا لیا کروں؟ وہ چلا اُٹھے ”پراٹھا… یعنی کولیسٹرول‘ شوق سے کھائو لیکن ہارٹ اٹیک کے لیے تیار رہنا۔ میں نے ایک جھرجھری لی ”ڈاکٹر صاحب پھر نان کھا لیا کروں؟ انہوں نے میز پر مکا مارا ”نان کھائو تاکہ نان ا سٹاپ موت آئے ۔ میں نے کنپٹی کھجائی ”آلو مجھے بہت پسند ہیں‘ ان کے بارے میں کیا حکم ہے؟ بے چینی سے پہلو بدل کر بولے ”آلو دماغ کو بے چین کرتے ہیں‘ جلدی ہضم نہیں ہوتے اور برین ہیمرج کا باعث بن جاتے ہیں ۔
ڈاکٹر صاحب انتہائی پڑھنے لکھنے والے بندے بھی ہیں‘ ہر وقت کسی نہ کسی ریسرچ میں گم رہتے ہیں لہٰذا ان کی باتیں غور سے سننا بڑا ضروری تھا۔ میں خود کو خوش قسمت سمجھ رہا تھا‘ جسے مفت میں اتنے قابل ڈاکٹر کے مشورے سننے کا موقع مل رہا تھا۔ ڈاکٹر صاحب نے مجھے بتایا کہ گوبھی‘ مولی‘ شلجم اور اروی کھانے سے خاص طور پر احتیاط کرنی ہے کیونکہ اس سے گیس ہو جاتی ہے۔ گھی یا آئل میں پکی کوئی چیز ہرگز نہیں کھانی کیونکہ اچھے سے اچھا آئل بھی دل کے لیے بہت نقصان دہ ہے۔ پھلوں کا جوس بھی ذیابیطس کا مرض لاحق کر سکتا ہے‘ جس کے بعد زندگی انتہائی تیزی سے کم ہونے لگتی ہے۔ بازار کی چیزیں مثلاً سموسے‘ پکوڑے‘ پیزا‘ برگر‘ شوارما‘ گول گپے‘ دہی بڑے وغیرہ کو دور سے بھی نہیں دیکھنا چاہیے کیونکہ یہ ایسے مصالحوں سے تیار کیے جاتے ہیں جو صحت کے لیے نہایت مضر ہیں۔ چاولوں کو خیر باد کہہ دینا چاہیے کیونکہ چاول کینسر کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ انڈوں کی تاثیر گرم ہوتی ہے لہٰذا ان سے دور ہی رہیں تو اچھا ہے‘ کھانا بھی پڑے تو زردی کے بغیر کھانا چاہیے‘ کیونکہ سفیدی زردی کی نسبت کم نقصان دہ ہوتی ہے۔ میں نے حسرت سے پوچھا ”ڈاکٹر صاحب دس روپے کے انڈے میں سے زردی بھی نکال دیں تو باقی کیا بچے گا؟ اطمینان سے بولے ”انڈے میں کچھ بچے نہ بچے لیکن تم ضرور بچ جائو گے ۔
ڈاکٹر صاحب نے تنبیہ کی کہ ٹینڈے کھانے سے بلڈ پریشر لو ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے چکر آ سکتے ہیں اور بندہ جسمانی کمزوری کا شکار ہو سکتا ہے۔ بھنڈیوں کی وجہ سے پِتا متاثر ہو سکتا ہے۔ برائلر چکن کے تو پاس بھی نہیں پھٹکنا چاہیے کیونکہ مرغیوں کو جوخوراک دی جاتی ہے اس میں اسٹیرائڈز ہوتے ہیں جو انسانی صحت کے لیے زہر قاتل ثابت ہوتے ہیں۔ دیسی مرغی کو بھی پرے ہی رکھنا چاہیے کیونکہ اس کا گوشت جلدی نہیں گلتا اور اکثر اوقات معدے میں گڑ بڑ کر دیتا ہے۔ یہ ہضم بھی دیر سے ہوتا ہے۔ میں نے جلدی سے پوچھا ”دالیں کھانی چاہئیں؟ کڑک کر بولے ”کچھ عقل کرو‘ دالیں ٹھیک طریقے سے صاف نہیں کی جاتیں اور ویسے بھی یہ زیادہ تر بادی ہوتی ہیں اور خوراک کی ضروریات کو صحیح طریقے سے پورا نہیں کرتیں۔ دالیں کھانے والے افراد ذہنی طور پر بہت کمزور رہ جاتے ہیں اور ان میں سوچنے سمجھنے اور فوری فیصلہ کرنے کی صلاحیتیں معدوم ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ میں نے سہم کر پوچھا ”ڈاکٹر صاحب چاکلیٹ کے بارے میں تو سنا ہے کہ دماغ کو بہت فریش رکھتی ہے ۔ ڈاکٹر صاحب نے دانت پیسے ”دماغ کو تو فریش رکھتی ہے لیکن ہزار اور مسائل کی ماں ہے‘ چاکلیٹ کھانے سے شوگر لیول اچانک بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے‘ دانتوں کی خرابی کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں اور پیٹ خراب ہو جاتا ہے۔
اللہ جانتا ہے مجھے ڈاکٹر صاحب اپنے حقیقی محسن لگے۔ میں آج تک یہ سب ‘الا بلا‘ کھا کر خوش ہوتا رہا کہ اچھی چیزیں کھا رہا ہوں لیکن ڈاکٹر صاحب کے بروقت مشوروں نے مجھے ہوشیار کر دیا تھا۔ میں نے تہیّہ کر لیا کہ جن چیزوں کے بارے میں ڈاکٹر صاحب نے ہوشیار کیا ہے وہ اب کبھی استعمال نہیں کروں گا۔ میں نے جیب سے قلم نکالا اور پاس پڑے ہوئے ایک پیڈ پر ڈاکٹر صاحب کے قیمتی مشورے نوٹ کرنے لگا
ڈاکٹر صاحب نے آگاہ کیا کہ ساگ کی تاثیر بھی انتہائی گرم ہوتی ہے اور یہ بلڈ پریشر ہائی کر سکتا ہے جس سے فالج کا خطرہ اچانک بڑھ سکتا ہے۔ بینگن معدے میں بیٹھ جاتے ہیں۔ گاجر پیٹ درد کا باعث بنتی ہے۔ کولڈ ڈرنکس کی وجہ سے السر ہو سکتا ہے۔ مکھن سے دل کی شریانیں بند ہو سکتی ہیں‘ آئس کریم سینے کے درد کا باعث بن سکتی ہے۔ کسی بھی قسم کا حلوہ‘ کیک یا مٹھائی طبیعت میں بوجھل پن پیدا کر دیتی ہے۔ چھوٹا گوشت انتڑیوں کا بیڑا غرق کر دیتا ہے‘ بڑا گوشت اعصابی نظام کے لیے خطرہ ہے۔ پالک کی وجہ سے بواسیر کا مرض لاحق ہو سکتا ہے۔ گھیا توری جوڑوں کے درد کا باعث بنتی ہے۔ سری پائے خشکی کا باعث بنتے ہیں۔ کالے یا سفید چنے نیند کی خرابی کا باعث بن سکتے ہیں۔ چائے تولیدی نظام کی قاتل ہوتی ہے‘ کھیرا ‘ خربوزہ اور تربوز ذرا سی لاپروائی سے ہیضے کا باعث بن سکتے ہیں۔ آم جسم میں خارش پیدا کر دیتا ہے‘ مٹر قبض کا موجب ہے‘ مالٹے سے زکام ہوتا ہے‘ ٹھنڈا پانی ہڈیوں کو کمزور کرتا ہے‘ نمکین چیزیں تیزابیت پیدا کرتی ہیں۔
اُس روز ڈاکٹر صاحب نے پورے دلائل کے ساتھ بتایا کہ لگ بھگ ہر کھانے والی چیز کو نہ کھانا ہی صحت مند زندگی ہے۔ میں نے بمشکل آنسو ضبط کرتے ہوئے کہا ”ڈاکٹر صاحب! بچپن میں جب ہمارے ا سکول میں ماسٹر صاحب رزلٹ انائونس کرتے تھے تو وہ ہر کلاس میں تشریف لے جاتے تھے اور بمشکل ایک منٹ میں ہاتھ میں پکڑا کاغذ پڑھتے ہوئے اعلان کر دیتے تھے کہ فلاں فلاں بچہ فیل‘ باقی سب پاس۔ میرا خیال ہے آپ بھی ایسا ہی کریں اور لمبی لسٹ کی بجائے چھوٹی لسٹ بتا دیں یعنی خطرناک چیزیں گنوانے کی بجائے مجھے صرف اتنی خوشخبری سنا دیں کہ کیا کھانا چاہیے؟ ڈاکٹر صاحب نے کچھ لمحے توقف کیا‘ غور سے میری طرف دیکھا‘ پھر عینک درست کرتے ہوئے بڑی متانت سے بولے ”ہر اچھی چیز کھائو
میری ہچکی بندھ گئی ”یہی تو پوچھ رہا ہوں، اچھی چیز کون سی ہے؟ انہوں نے لاپروائی سے کرسی کی پشت سے ٹیک لگائی ”بھئی دلیہ کھائو‘ کیلے کھائو‘ گرم پانی پیو اور مزے سے جیو ۔ میں نے بے بسی سے باہر کے دروازے کی طرف دیکھا اور آہستہ سے کہا ”ڈاکٹر صاحب اجازت ہو تو ایک چھوٹا سا لطیفہ سنا دوں ۔ ڈاکٹر صاحب چونک اٹھے‘ لطیفہ؟ کیسا لطیفہ… سنائو؟؟
میں آگے کو جھکا… ”ایک دفعہ ایک مراثی ڈاکٹر کے پاس گیا اور کہنے لگا کہ میرا سر بہت درد کرتا رہتا ہے۔ ڈاکٹر نے مراثی کا بلڈ پریشر چیک کیا پھر ہاتھ پکڑا اور نبض چیک کرتے ہوئے بولا ”مراثی تمہارا بلڈ پریشر تو بہت ہائی ہے‘ میری مانو‘ کریلے گوشت چھوڑ دو ۔ مراثی نے یہ سنتے ہی کچھ دیر سوچا‘ پھر اطمینان سے بولا ”ڈاکٹر! میرا ہاتھ چھوڑ دو
لطیفہ سنتے ہی ڈاکٹر صاحب چلائے ”وہ ڈاکٹر ٹھیک کہہ رہا تھا‘ کریلے
گوشت سے فشار خون بلند ہو جاتا ہے

 

@Falak Uff Allah g... konsi cheez ha jo khani chahye.... sabhi cheezen khao leki etdal k sath han food junk se avoid krna chahye..
 
@mrs fazal wo to khatay hain free of cost.. mgr gasi gubara thori na hun to hr wkt hawa khaon:p:boy sticking tongue out::boy sticking tongue out:
 
Back
Top